اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ ملک میں گزشتہ سال 20 ہزار سے زائد کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں عبدالرزاق داؤد نے سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن اور بورڈ آف انویسمنٹ کو سراہتے ہوئے انہیں پاکستان میں نئی کمپنیوں کی آمد کا کریڈٹ دیا۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ ایس ای سی پی کی جانب سے کاروبار کو باقاعدہ قانونی شکل دینے کی پیشکش کا فائدہ اٹھائیں۔
مشیر تجارت نے کہ کہ 2018 اور 2019 کے مقابلے میں رواں سال 2020 میں پاکستان میں کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 54 فیصد اضافہ ہوا ، جنوری 2021 میں 2201 کمپنیاں ایس ای سی پی کے ساتھ رجسٹرڈ ہوئیں جو گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 12 فیصد زیادہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہیکہ اصلاحات کے نتیجے میں پاکستان کی ای او ڈی بی رینکنگ میں غیر معمولی بہتری آئی جب کہ پاکستان میں کمپنیوں کی رجسٹریشن میں بھی اضافہ ہوا اور گزشتہ سال 20342 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔