وزیر اعلیٰ عثمان بزدار

ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد6،پنجاب میں کوئی نہیں ،وزیر اعلیٰ عثمان بزدار

لاہور(عکس آن لائن )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے گزشتہ روزوزیراعلیٰ آفس میں اینکرپرسنز، کالم نگاروں اور سینئر صحافیوں نے ملاقات کی۔ ملاقات میں اینکرپرسنز، کالم نگاروں اور سینئر صحافیوں کو کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سے کئے گئے اقدامات اور احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پیشگی احتیاطی اقدامات کئے ہیں۔ کورونا وائرس 80 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے اوراب تک دنیا بھر میں 95 ہزار لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔چین میں متاثرہ افراد کی تعداد 80 ہزار ہے اور 53 ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہو کر گھروں میں جا چکے ہیں جبکہ اب تک 3200 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 ہے اور اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کیلئے جامع ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کو اس ضمن میں آگاہی دینے کیلئے میڈیا کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے

پاکستان میں کیس رپورٹ ہونے سے کئی روز قبل پنجاب حکومت نے اس حوالے سے احتیاطی اقدامات کا آغاز کیا اور کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے کابینہ کمیٹی تشکیل دی گئی۔ کابینہ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر میٹنگ کرکے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ضروری ساز و سامان کی خریداری کیلئے 236 ملین روپے کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینٹرل، نارتھ اور ساؤتھ پنجاب میں ہسپتالوں کو مخصوص کیا گیا ہے۔ہسپتالوں میں ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس قائم کر دیئے گئے ہیں جبکہ ائیرپورٹس اور داخلی راستوں پر غیر ملکیوں کی سکریننگ کی جا رہی ہے۔ وفاقی حکومت کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں اور کورونا وائرس کی صورتحال کو 24 گھنٹے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے اور میں نے کورونا وائرس کی مانیٹرنگ کیلئے قائم کنٹرول روم کا خود دورہ کیا ہے اوراس حوالے سے میٹنگز بھی کی ہیں۔ لاہور میں کورونا وائرس کی تشخیص کی سہولت موجود ہے۔ایران سے آنے والے زائرین کی سکریننگ کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ورکنگ گروپ بھی تشکیل دیا گیا ہے جو صورتحال کا جائزہ لے کر اقدامات کرے گا۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بتایاکہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے بجٹ میں فنڈز مختص کئے ہیں اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کیلئے وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس طلب کر لیا ہے ۔وزیراعظم عمران خان کو اگلے ہفتے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا کہ 3 ہزار سے زائد چینی باشندوں کی سکریننگ مکمل ہو چکی ہے اور اللہ تعالیٰ کا شکر ہے پنجاب میں صورتحال نارمل ہے۔ ہسپتالوں میں ضروری انتظامات کر لئے گئے ہیں۔کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے عوام میں شعور اجاگر کرنا ضروری ہے۔ صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ صحت مند شخص کیلئے ماسک ضروری نہیں، ماسک ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور دیگر عملے کیلئے ضروری ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ میڈیا نے ہمیشہ عوام میں شعور کی بیداری کیلئے تعمیری کردار ادا کیا ہے۔ ہمیں کورونا وائرس سے بچاؤ کا شعور بیدار کرنا ہے ۔ صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر توانائی محمد اختر ملک نے کہا کہ کورونا وائرس کے مریض کی صحت یابی کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔

عوام کو گھبرانے کی ضرورت نہیں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے کورونا وائرس سے نمٹنے اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے بریفنگ دی۔ صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں اسلم اقبال، فیاض الحسن چوہان، ہاشم جواں بخت، ، محمد اخترملک، رکن صوبائی اسمبلی مسرت جمشید چیمہ، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں