اسلام آباد( عکس آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ چاررویہ سیالکوٹ کھاریاں موٹروے کامنصوبہ قابل عمل ہونے سے متعلق رپورٹ مکمل کر لی گئی ہے ،دسمبر2020کے دوران ملک میں بڑے پیمانے پرصنعت کی شرح نمومیں گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 11.4فیصد اضافہ ریکارڈکیاگیا ہے جو مثبت پیشرفت ہے ،پاکستان کو زیتون پیدا کرنے والے دس بڑے ممالک میں شامل کرنے کے منصوبے پرعملی آغاز ہونے جارہا ہے جس سے پاکستان اپنی ضرورت پوری کرنے کے بعد برآمد کے قابل بھی ہو جائے گا۔
اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ ماضی میں غیر ملکی قرض لے کر ایسے منصوبے لگائے گئے جو تکمیل کے بعد قرض واپس کرنا تو دور کی بات اپنے اخراجات بھی پورے نہیں کر سکتے اور اس کا سارا بوجھ قوم کو برداشت کرنا پڑا ہے ، موجودہ حکومت نے صرف دکھاوے اور عوام کی آنکھوںمیں دھول جھونکنے کیلئے ایسا کوئی منصوبہ شروع کیا ہے اور نہ ایسا کوئی ارادہ رکھتی ہے بلکہ حقیقی ترجیحات کو مد نظر رکھتے ہوئے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اصلاحات کی غرض سے اقدامات اٹھائے ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ،ملک میں کرپشن اوراپوزیشن کی سیاست کے سوا ہر شعبہ بہتری اور ترقی کی جانب گامزن ہے ،
رواں مالی سال کے دوران یہ دوسراماہ ہے جس میں بڑے درجے کی پیداواری صنعتوں کی شرح نمو10فیصدسے زائدرہی۔گزشتہ سال جولائی سے دسمبرکے دوران بڑے درجے کی صنعتوں کی پیداواری گنجائش میں اوسطا ً8فیصداضافہ ہوا جو صنعتی شعبے کی پائیدار ترقی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حکومت زیتون کی پیداوار شروع کرنے کیلئے منصوبے پر عملی آغاز کرنے جارہی ہے جس سے پاکستان کے درآمدی بل میں بڑے پیمانے پر کمی ہوگی اور اس سے نہ صرف ہماری مقامی ضرورت پوری ہو گی بلکہ ہم برآمد کرنے کے بھی قابل ہو ں گے۔