جاوید قصوری

ملک میں صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات کافقدان ہے ‘ جاوید قصوری

لاہور (عکس آن لائن )امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ کرونا بے قابو ہوتا جا رہا ہے جبکہ حکومت ایس او پیز کے نام پر عوام کو پریشان کر رہی ہے۔ عوام کو صحت اور تعلیم جیسے بنیادی حقوق فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔

جماعت اسلامی عوام کو درپیش مسائل کے لیے ہر سطح اور فورم پر بھر پور انداز میں آوا ز بلند کر تی رہے گئی ۔ اب وقت آگیا ہے کہ حکمران ماضی کے حکمرانوں سے سبق سیکھیں ، بصورت دیگر ان کا انجام بھی ان سے مختلف نہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روزمختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر محاذ پر حکمران بری طرح ناکام ہوئے ہیں۔ حکومت کارکردگی ہر حوالے سے انتہا ئی مایوس کن رہی ہے۔ صحت عامہ کے شعبہ کی بات کی جائے تو ملک میں 1608مریضوں کو صرف ایک بیڈ دستیاب ہے۔ 963افراد کے لیے ایک ڈاکٹر ہے۔ 9ہزار 4سو 3افراد کے لیے ایک ڈینٹل ڈاکٹر جبکہ 2ہزار28مریضوں کے لیے ایک نرس دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبادی کے تناسب کے لحاظ سے پاکستان کے عوام کے لیے صحت کی سہولیات کا شدید فقدان ہے۔

سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار سب کے سامنے ہے۔ بد قسمتی سے حکومت وقت کی اس جانب کسی قسم کی کوئی توجہ نہیں ہے۔ عوام علاج معالجے کے لیے در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ وزیر اعظم نے اڑھائی سالوں سے قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہوا ہے۔اقتدار کا آدھا حصہ گزارنے کے باوجود عوام کو مزید صبر کی تلقین کی جا رہی ہے ۔وزیر اعظم عمران خان کی شخصیت لوگوں کی نظروں میں غیر سنجیدہ ہو چکی ہے اب پاکستانی قوم کو ان کے کسی وعدے یا دعوے پر اب اعتبار نہیں رہا ۔تبدیلی کے نام پر سنگین مذاق کیا گیا ہے ۔ایسی نام نہاد تبدیلی کو عوام کوڑے کی ٹوکری میں پھینک دیںگے۔ گزشتہ 3ماہ میں 5بار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں