اسلام آباد(عکس آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چینی بحران پیدا کرنے والے مافیا کو کسی صورت نہیں چھوڑوں گا،
ہر قسم کے مافیا کا مقابلہ کرنا ہے، انہیں بے نقاب بھی کرنا ہے، قوم سے سچ کا وعدہ کیا، کچھ بھی نہیں چھپایا جائے گا،
سچ سامنے لانے کا وعدہ پورا کرتے ہوئے حقائق سامنے لائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کور کمیٹی اجلاس ہوا جس میں چینی بحران کی فرانزک رپورٹ اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کاروائیوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
عمران خان نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم سے کچھ بھی نہیں چھپایا جائے گا، قوم سے سچ کا جووعدہ کیا اسے پورا کریں گے، ملک میں بحران پیدا کرنے والے مافیاز کو کسی صورت نہیں چھوڑوں گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہر قسم کے مافیا کا مقابلہ کرنا ہے اور انہیں بے نقاب بھی کرنا ہے۔ اجلاس میں کورکمیٹی نے شوگر مافیا سمیت ہر قسم کے مافیا سے نمٹنے کے وزیراعظم کے فیصلے پر اعتماد کا اظہار کیا۔