لاہور ( عکس آن لائن)سربراہ عوامی مسلم لیگ وسابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک سول نافرمانی کی طرف بڑھ رہا ہے، الیکشن کب ہونگے ابھی تک کوئی نہیں جانتا۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا کہ 13جماعتیں جو ملک کو معاشی مسائل کے سمندر میں ڈبو کر گئی ہیں وہ بھی اب مگرمچھ کے آنسو رو کر احتجاج کا حصہ بننے کی کوشش کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نگران وزیر خزانہ بھی بول پڑے ہیں کہ معاشی اور اقتصادی مسئلہ سنگین ہوتا جا رہا ہے اور 24 کروڑ لوگ آئی ایم ایف کے رحم و کرم پر ہیں، جب تک سیاسی استحکام نہیں ہوگا اس وقت تک معاشی اور اقتصادی استحکام نہیں آ سکتا۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا ہے کہ 2023ء آئین اور عدلیہ پر عملدرآمد کے لحاظ سے تاریک ترین سال ہے یہ کہہ کر انہوں نے سمندر کو کوزے میں بند کر دیا ہے۔سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ 85روپے پر چینی ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دی اور 220روپے پر چینی امپورٹ کرنے جا رہے ہیں، 75سال سے چینی مافیا اور آٹا مافیا نے ہمیشہ غریب کو لوٹا، غریب کا خون چوس کر اپنے مفادات حاصل کئے۔