لاہور( عکس آن لائن) انصاف ویلفیئر ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ ملک کو مشکلات کی دلدل سے نکالنے کیلئے تمام ادارے ایک پیج پر ہیں اس لئے بد خواہوں کو منہ کی کھانا پڑے گی ،اپوزیشن چاہے الٹی بھی لٹک جائے لیکن احتساب کا جاری عمل کسی صورت نہیں رکے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے پارٹی رہنمائوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے اور یہاں اقتدار تک پہنچنے کے لئے پہلے پارلیمنٹ کی نشست جیتنا پڑتی ہے ۔ مولانا اپنے کرپشن کے اتحادیوں میں سے کسی کو مستعفی کرا کے ضمنی انتخاب لڑلیںانہیں اپنی سیاسی حیثیت کا اندازہ ہو جائے گا۔
اگر وہ یہ سمجھتے ہیں کہ جتھوں کے ذریعے اقتدارپر قابض ہو جائیں گے تو یہ ان کی بھول ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کبھی یہ نہیں کہا کہ ہم نے ملک میں دودھ کی شہد کی نہریں بہاد ی ہیں بلکہ حقیقت یہ ہے کہ آج جو سڑکوں پر مارے مارے پھر رہے ہیں یہ انہی کے کرتوتوں کا نتیجہ ہے ۔ آج سارے عالمی ادارے پاکستان کے بہتری کی جانب گامزن ہونے کے اشارے دے رہے ہیں لیکن اپوزیشن نے اپنی آنکھو ں پر تعصب کی سیاہ پٹی باندھ رکھی ہے۔