اسلام آباد (عکس آن لائن) ملک بھر میں جشن ولادت رسول شایان شان طریقے سے مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا، وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی سے دن کاآغاز ہوا جبکہ لاہور میں دن کے آغازپر 21 توپوں کی سلامی دی گئی،
مرید کے میں18 منزلہ کیک کاٹا گیا، فیصل آباد میں 163 پا ونڈ اور چنیوٹ میں 63 من وزنی کیک کاٹا گیا ، منڈی بہاالدین میں جلوس کے شرکا کے لیے 125 من ملک شیک تیار کیا گیا،حیم یار خان میں 600 پونڈ وزنی کیک تیار کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں جشن ولادت رسول شایان شان طریقے سے مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا،
جشنِ ولادتِ رسول کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی سے دن کاآغاز ہوا جبکہ لاہور میں دن کے آغازپر 21 توپوں کی سلامی دی گئی جس کے بعد ملکی سلامتی واستحکام کےلیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
میلاد النبی کے موقع پر مساجد، عمارتیں اور شاہراہیں سبز پرچموں اور برقی قمقموں سے سجائی گئیں اور عاشقان رسول کی جانب سے حضرت محمد مصطفی سے عقیدت و محبت کا اظہار کرتے ہوئے محافل میلاد نعقدکی گئیں جن میں پیغمبراکرم کی شان بیان کی گئی۔
جشن ولادت رسول کے موقع پر ملک بھر کے مختلف شہروں میں ریلیاں اور جلوس بھی نکالے گئے جس کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ کراچی میں 12ربیع الاول کا مرکزی جلوس بعد نماز ظہر نشترپارک سے برآمد ہوا جس کی وجہ سے ایم اے جناح روڈ ٹریفک کے لیے مکمل بند کردیا گیا ۔
کوئٹہ میں 12ربیع الاول کے موقع پر ایک درجن جلوس برآمد ہوئے جب کہ مرکزی جلوس باچاخان چوک سے نکالاگیا تاہم جلوس کی سیکیورٹی کے لیے شہر میں تقریبا تین ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔
پنجاب کے شہر مرید کے میں مدرسہ خواتین کے زیر اہتمام محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا اس موقع پر 18 منزلہ کیک بھی کاٹا گیا۔ فیصل آباد میں 163 پا ونڈ اور چنیوٹ میں 63 من وزنی کیک کاٹا گیا جب کہ منڈی بہاالدین میں جلوس کے شرکا کے لیے 125 من ملک شیک تیار کیا گیا۔ رحیم یار خان میں 600 پونڈ وزنی کیک تیار کیا گیا تھا جب کہ نوابشاہ میں بریانی اور گوجرانوالہ میں 100من کھیر پکائی گئی اور طلبا کے درمیان نعت خوانی کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔