میاں فرخ حبیب

ملکی فارن ایکسچینج ریزرو کا بلند ترین سطح پر ہونا پاکستان کی معیشت میں استحکام کی عکاسی کرتا ہے،میاں فرخ حبیب

فیصل آباد(عکس آن لائن)پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما و وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز میاں فرخ حبیب نے کہا ہے کہ کاروباری سرگرمیوں کو میسرحکومتی سرپرستی کے مثبت نتائج آنا شروع ہو چکے اور ملکی فارن ایکسچینج ریزرو کا بلند ترین سطح پر ہونا پاکستان کی معیشت میں استحکام کی عکاسی کرتا ہے جبکہ پاکستان کا کرنٹ اکانٹ کے خسارے سے نکل کر سر پلس ہونا معیشت کیلئے انتہائی خوش آئند ہے نیزحکومت صنعتی، کاروباری، تجارتی شعبہ کی بھرپور معاونت جاری رکھے گی جس کے ساتھ ساتھ امپورٹ بل کم کرنے اور بر آمدات میں اضافہ کو بھی یقینی بنا یا جائے گا کیونکہ جب برآمدات بڑھیں گی تو ملکی صنعت کا پہیہ مزید تیزی سے چلے گا جس کے باعث جہاں زیادہ سے زیادہ زر مبادلہ کا حصول ممکن ہو سکے گا وہیں روزگار کے نئے نئے مواقع پیدا ہونے سے بیروزگاری و غربت میں کمی آئے گی اور خوشحالی کا دور دورہ ہوگا۔

ایک ملاقا ت کے دوران انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کی روشنی میں حکومتی معاشی ٹیم ہر وقت بزنس کمیونٹی و ٹریڈ سیکٹر کی رہنمائی اور مسائل کے حل کیلئے دستیاب ہوتی ہے جو پہلے نہیں ہوتا تھا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی تعمیراتی شعبے کی سرپرستی کی وجہ سے اس وقت سیمنٹ کی کھپت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔انہوں نے کہا کہ کوروناکی عالمی وبا کے باوجود تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی اور ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافے سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے اور لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کے صنعتی، کاروباری و تجارتی اور بر آمدی شعبہ نے حکومتی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے معیشت کی بہتری کیلئے اپنے خدمات پیش کی ہیں جو حوصلہ افزا بات ہے کیونکہ حکومت نے انہیں یقین دلایا ہے کہ حکومت کا کام صنعتوں اور کاروباری سرگرمیوں کیلئے آسانیاں اور سہولتیں فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ ملکی ترقی و خوشحالی صنعتی شعبے اور کاروباری طبقے کی ترقی سے وابستہ ہے اسلئے حکومتی فیصلہ سازی کے عمل میں صنعتکاروں کی تجاویز کو شامل کیا جا رہا ہے جس کے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صنعتکاروں کو ایکسپورٹس میں پیش آنے والے مشکلات کو جلد از جلد حل کرنے کی کوشش کررہی ہے جبکہ زراعت کے شعبہ میں جدت لانے اور مختلف فصلوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے بھی بڑے پیمانے پرکارپوریٹ فارمنگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کیلئے متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے تجاویز طلب کی جارہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں