کراچی(عکس آن لائن) پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزی بیشن انڈسٹری کے زیر اہتمام دوسری پاکستان انٹرنیشنل پراپرٹی ایکسپو اینڈ کنونشن کی اختتامی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی جس میں غیر ملکی سفارتکاروں ہائوسنگ اور تعمیراتی شعبے سے وابستہ اراکین، سرکاری افسران اور سیاحت انڈسٹری سے وابستہ مختلف بزنس کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تعمیرات اور ہائوسنگ کے شعبہ کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے کیونکہ اس نے ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے، ترقی اور معاشی ترقی کو آگے بڑھانے اور آبادی کی بڑھتی ہوئی رہائش کی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عوام کو معیاری رہائش کی فراہمی کیلئے ماحول دوست، توانائی کی بچت اور کفایت شعاری پر مبنی تعمیرات اور رہائش کے طریقوں کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں عمودی تعمیرات کو فروغ دینے سے غریب اور نچلے متوسط طبقے کو کم لاگت اور سستی رہائش فراہم کرنے کیساتھ ساتھ شہری علاقوں میں جگہ کی کمی پر قابو پانے، شہروں کی غیر منصوبہ بند ترقی کو روکنے اور زرعی زمین کو تجاوزات سے بچانے میں مدد مل سکتی ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک وہ معاشرے کے کمزور اور غریب طبقات کو غربت کے جال سے نہیں نکالتا۔ انہوں نے کہا کہ کچی آبادیوں کے مکینوں کی بحالی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے سرکاری اور نجی شعبوں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچی آبادی شہری سہولیات کے فقدان کا شکار ہیں، ملک میں ہمہ گیر اور غریب دوست ترقی کو فروغ دیا جائے تاکہ کوئی بھی پیچھے نہ رہے اور ترقی کے ثمرات آبادی کے تمام طبقات تک پہنچیںصدر نے اس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی سرگرمیوں اور اقدامات کو چند شہری مراکز میں مرکوز کرنے کی بجائے ملک کے کم ترقی یافتہ علاقوں کو دوسرے علاقوں کے برابر لانے کے لیے فعال اقدامات کیے جائیں۔ صدر مملکت نے کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ معیشت کے مختلف شعبوں بالخصوص ہائوسنگ اور تعمیراتی شعبے میں خواتین کی نمائندگی اور شرکت بڑھانے کے لیے فعال اور عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے کام کی جگہوں پر ایک سازگار، خواتین کے لیے دوستانہ اور ہراسانی سے پاک ماحول فراہم کرنے سمیت خواتین کو تجارت میں شامل کرنے پر زور دیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ معیشت کے تمام شعبوں کو یکساں ترقی دینا ہوگی، عوام اور نجی شعبوں کو معیشت کو درپیش مسائل کا جامع حل تلاش کرنا چاہیے۔
انہوں نے پاکستان کے انسانی و قدرتی وسائل اور انہیں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قوم کی صلاحیت پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔صدر مملکت نے ہائوسنگ اور تعمیراتی شعبے سمیت ہر شعبے میں ماہرین کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے برانڈ پاکستان کو فروغ دینے کے لیے مختلف شعبوں میں عالمی سطح پر مشترکہ منصوبے بنانے اور تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے پاکستان کے تمام حصوں اور دنیا بھر میں نمائشوں کے انعقاد، سیمینارز اور کانفرنسوں کے انعقاد پر (پی اے ای آئی)کی انتظامیہ کی تعریف کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان انٹرنیشنل پراپرٹی ایکسپو اینڈ کنونشن کے بانی چیئرمین خورشید برلاس نے کہا کہپاکستان انٹرنیشنل پراپرٹی ایکسپو اینڈ کنونشن پاکستان کو فروغ دینے، پاکستان کے ساکھ کو بہتر بنانے سمیت ملک میں تجارت و سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے کوششیں کررہا ہے،
اسلام آباد پراپرٹی ایکسپو نے ثابت کیا کہ کاروباری حالات کی سرپرستی کی جائے تو بہتری لائی جا سکتی ہے، میں انتہائی مشکور ہوں ان سب اداروں کا اور ہمارے پارٹنر کا جنہوں نے ہمارا ساتھ دیا اور اس اسلام آباد ایکسپو کو کامیاب کروانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔چیئرمین خورشید برلاس نے کہا کہ ہمارا مقصد ملک میں انوسٹمنٹ لانا اور ایکسپورٹ میں اضافہ کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں بشمول قیمتی پتھروں، زیورات، کھیلوں اور فارماسیوٹیکلز کو فروغ دینے کیلئے قومی، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر تقریبا 500 مختلف تقریبات، کانفرنسز، سیمینارز اور ایکسپوز کا انعقاد کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سرمایہ کاری، زرمبادلہ اور معاشی سرگرمیوں کی ضرورت ہے اور ملک کی تاجر برادری اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے ملک کے تعمیراتی شعبے کو ریگولیٹ کرنے اور تعمیرات اور ہائوسنگ سیکٹر سے وابستہ لوگوں کو تربیت دینے پر بھی زور دیا۔ قبل ازیں صدر مملکت نے ہائوسنگ اور تعمیراتی شعبے میں کمپنیوں کے نمائندوں میں ان کی غیر معمولی کارکردگی پر شیلڈز تقسیم کیں۔