نیویارک (عکس آن لائن) مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پرغور کیلئے چین کی درخواست پراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا بند کمرے کا اجلاس بلایا گیا ہے جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق5 اگست کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کیے جانے کے بعد سے کشمیر کے بارے میں سلامتی کونسل کا یہ دوسرا اجلاس ہے۔ اگست میں بھی چین کی درخواست پر کشمیر پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلایا گیا تھا جس میں بھارتی اقدام کی مذمت کی گئی تھی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی 12 دسمبر کو سلامتی کونسل کے نام ایک خط میں بھارتی اقدامات کے باعث مقبوضہ کشمیر میں کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔سلامتی کونسل 1948ء اور1950ء میں بھارت اور پاکستان کے درمیان تنازعہ کشمیر پر متعدد قراردادوں کی منظوری دے چکی ہے جن میں سے ایک قرارداد میں کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق دینے کیلئے رائے شماری کرانے کا کہاگیا ہے۔