اسلام آباد (عکس آن لائن) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ بھارت کا اصلی چہرہ دنیا کے سامنے واضح ہوچکا ہے۔ مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں ہندوتوا کی سوچ کا راج ہے عالمی برادری پر مودی سرکار کا شدت پسندانہ طرز عمل واضح ہوچکا ہے دنیا کو بھارت کا اصل چہرہ دکھانے کےلئے پاکستان نے بھرپور کردار ادا کیا۔ اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی ظلم و جبر کی داستانیں انسانی حقوق کی عالمی رپورٹس میں بھی سامنے آئی۔ مراد سعید نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہوگا۔ پانچ فروری کو پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرے گی۔ مسئلہ کشمیر پر پوری قوم متحد ہے۔
وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ پاکستانی قوم سوشل میڈیا پر بھی مسئلہ کشمیر کو بھرپور اجاگر کرے۔ مقبوضہ کشمیر کے شہری چھ ماہ سے کرفیو میں زندگی گزار رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان مقبوضہ کشمیر کے سفیر بن کر ان کا مقدمہ لڑتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں دنیا دیکھ رہی ہے پوری پاکستانی قوم کو کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔ کشمیر کاز کیلئے پوری پاکستانی قوم اپنا حصہ ڈالے کشمیر میں ظلم کے باوجود نعرہ بلند ہوتا ہے کہ وہ پاکستانی ہیں۔ ہم سب نے بھی نعرہ لگانا ہے ہم کشمیری اور کشمیر ہمارا ہے۔ سب لوگ کشمیر کاز میں اپنا حصہ ڈالیں کشمیر بنے گا پاکستان انہوں نے کہا کہ ‘ مقبوضہ کشمیر بھارت کا اندرونی مسئلہ نہیں رہا پاکستان بھرپور طریقے سے بھارت کو بے نقاب کررہا ہے۔ عالمی فورم پر ہمیں کامیابیاں ملی ہیں مسئلہ کشمیر جلد حل ہوگا۔ پانچ فروری کو کشمیری بہن بھائیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کریں گے۔