فیصل آباد/تاندلیانوالہ (عکس آن لائن)سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ معیشت کی ترقی کیلئے جامع اصلاحات نا گزیر ہیں ،ایسی پالیسیاں بنائی جائیں جس سے عوام کو چھوٹے پیمانے پر اپنا کاروبار شروع کرنے کے مواقع میسر آئیں،حلقے کی عوام کے شانہ بشانہ چلیں گے اور انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
ان خیالات کا اظہارا نہوںنے حلقہ این اے 97کے دورہ کے موقع پر علاقہ عمائدین اور اہل علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر حلقے کے سیاسی امور اور مسائل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہمایوں اخترخان نے موضع شیرازہ میںسید سخاوت علی شاہ سے ان کے چچا سے ملاقات کر کے اظہارتعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی۔
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ مہنگے یوٹیلٹی بلز کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن ہے ، پسے ہوئے طبقات کو انتہائی نرم شرائط پر سولر پینل دئیے جائیں، اسی طرح کسانوں کے لئے بھی یہ سکیم آنی چاہیے تاکہ انہیں بجلی کے بھاری بلوں سے چھٹکارا مل سکے۔ انہوںنے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ زراعت پر خصوصی توجہ دی جائے، چھوٹے کسان کا ہاتھ تھاما جائے ، اسے تمام زرعی لوازمات ایک چھت کے نیچے سبسڈائزڈ نرخوں پر دئیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ میرا اور میرے ساتھیوں کا حلقے کی عوام سے مسلسل رابطہ جاری ہے ،ہر علاقے کے دیرینہ مسائل سے آگاہی حاصل کر رہے ہیں ، خدا کی ذات نے جتنی بھی ہمت دی ان مسائل کو اپنی ذاتی حیثیت میں بھی حل کرنے کی کوشش کریں گے ۔