میاں زاہدحسین

معیشت شعبدہ بازوں کے بجائے سنجیدہ افراد کے حوالے کی جائے،میاں زاہدحسین

کراچی(عکس آن لائن)نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدراورسابق صوبائی وزیرمیاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ اکنامک مینیجرزکے غلط فیصلوں نے معیشت کوکبھی بھی سنبھلنے نہیں دیا۔

چھوٹے سے گروہ کے فائدے کے لئے میرٹ کوپامال کیا گیا اورمعیشت کی سمت جان بوجھ کرغلط رکھی گئی جس سے ملک دیوالیہ ہو گیا۔ اب یہ آئی ایم ایف اوربعض ممالک کے قرضوں کے سہارے پرچل رہا ہے۔ نئی حکومت معیشت کوشعبدہ بازوں کے بجائے سنجیدہ افراد کے حوالے کرے تاکہ معاملات بہترہوسکیں۔

میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اب پاکستانی معیشت بجلی چوری، لائن لاسز اور کپیسٹی چارجز کا بوجھ اٹھانے کے قابل نہیں رہی ہے۔ ناکام سرکاری اداروں کو فوری طور پرفروخت کرنا، ٹیکس بیس وسیع کرنا اورمعاملات کومیرٹ پرچلانا واحد آپشن رہ گیا ہے۔

قلیل المعیاد فوائد کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے تالیاں توبہت بجتی ہیں اور سرخیاں بھی لگتی ہیں مگرمعیشت کی بنیادیں ہلنے لگتی ہیں جس سے عوام پرناقابل بیان بوجھ پڑتا ہے۔ نئی حکومت سستی شہرت کے متلاشی افراد کے بجائے سنجیدہ افراد کا انتخاب کرے جویکسوئی سے ملکی معیشت کی بہتری کے لئے کام کریں۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ ناکام سیاستدان عوام کودھوکہ دینا فرض سمجھتے ہیں۔

کوئی انھیں کہتا ہے کہ امریکہ سے لوگ یہاں آکر نوکریاں کریں گے توکبھی قرضے لے کروہ سہولیات دی جاتی ہیں جن کا امریکہ سمیت متعدد امیرممالک میں بھی تصورتک نہیں کیا جا سکتا۔ کبھی قرض لے کر ناکام سرکاری اداروں کو دہائیوں تک نوازا جاتا ہے توکبھی قرض لے کر سرکلر ڈیٹ سے چشم پوشی کی جاتی ہے۔

کبھی معاشی ترقی اورعوام کی حالت بہتربنانے کے بجائے امپورٹ بڑھا کر جی ڈی پی بڑھانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ جی ڈی پی بڑھانے کے لئے ایک سابق وزیراعظم نے سترارب ڈالر کی درآمدات کا ریکارڈ قائم کیا جس نے ملک کی بنیادیں ہلا ڈالیں مگروہ عوام کوبے وقوف بنانے میں کامیاب رہے۔

ایک صاحب کھوکھلی معیشت والے ملک میں ایکسپورٹس میں اضافے کی بجائیڈالرکومصنوعی طورپردبانے اورروپے کی قدرکومستحکم کرنے کا راگ الاپتے رہے اورآئی ایم ایف سے کئے گئے معاہدوں کو پامال کرکے چلے گئے جس سے معیشت برباد ہوگئی اوران کے فیصلوں کے نتائج ابھی تک عوام بھگت رہی ہے۔

میاں زاہد حسین نے مزید کہا کہ نئی حکومت کوچائیے کہ الفاظ کا الٹ پھیرکرنے اورپیکجوں ودیگرشعبدہ بازیوں کے زریعے عوام کوبے وقوف بنانے اورترقی کا مصنوعی تاثردینے والوں کوقریب بھی نہ بھٹکنے دیں اورمیرٹ پرفیصلوں کویقینی بنائیں ورنہ انھیں اسکی قیمت حکومت کی ناکامی کی صورت میں ادا کرنا ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں