لاہور (عکس آن لائن) ٹی وی،اسٹیج وفلم کی معروف اداکارہ وپرفارمرصوفیہ بٹ نے کہا ہے کہ معیاری فلم سازی کے عمل سے ہم فلم انڈسٹری کو د وبارہ استحکام دینے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ فلموں کے ذریعے ہم اپنے مسائل کی نشاندہی کر سکتے ہیں،تعلیم یافتہ نوجوانو ں کا اس فیلڈمیں آنا اس انڈسٹری کے مستقبل کے لئے خوش آئند امر ہے۔ ایک انٹرویو میں صوفیہ بٹ نے کہا کہ پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے چرچے اب بیرون ممالک میں بھی ہونے لگے ہیں، اچھا کام ٹیم ورک کا نتیجہ ہوتا ہے۔
تعلیمی مدارج طے کرکے آنیوالے لوگ شوبز انڈسٹری کے مستقبل کے معمارہیں،ان کی قدر کرنا چاہئے۔صوفیہ بٹ نے کہاکہ اچھا کام ہر ہدایتکار و فنکار کو آگے لے جاتا ہے۔بیرون ممالک کے تعلیمی اداروں کی جانب سے فلم و ٹی وی پروڈیوسرز کو مدعو کرنا کسی اعزاز سے کم نہیں،تعلیمی اداروں میں شوز سے پاکستان فلم انڈسٹری کو نئی شناخت مل چکی ہے۔