معذورافراد

معذورافراد کو سماج کی توجہ کی ضرورت ہے، قائم مقام کشمنر سرگودھا

سرگودھا(عکس آن لائن)قائمقام کمشنر سرگودھا عبداللہ نیئر شیخ نے کہاہے کہ معذورافراد صلاحیتوں کے اعتبار سے عام آدمی سے کسی طرح کم نہیں، انہیں سماج کی توجہ کی ضرورت ہے ۔ان کی تعلیم وتربیت معاشرے او رحکومت کا بنیادی فرض ہے تاکہ یہ مفید شہری بن کر ملک وقوم کی خدمت میں اپنا کر دار ادا کرسکیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگودھا آرٹس کونسل کمپلیکس میں عالمی یوم معذوراں کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایم پی ایز غلام علی اصغر لاہڑی ‘ شمیم آفتاب ‘ سابق ایم پی اے ڈاکٹر نادیہ عزیز ‘ بشری سکندر بھٹی ‘ انصر ہرل ‘ ‘ ڈسٹرکٹ آفیسر سپیشل ایجوکیشن شاہد مختار ‘ ضلع بھر کے خصوصی تعلیم کے اداروں کے سربراہان ‘ اساتذہ ‘ فلاحی اداروں کے افسران ‘ نجی سماجی وفلاحی تنظیموں کے راہنما ونمائندے اور معززین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ کمشنر نے کہاکہ معذور بچوں کی تعلیم وتربیت ایک مشکل او رصبر آزما خدمت ہے ۔یہ رضائے الہیٰ کاذریعہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ معاشرتی رویوں کو تبدیل اور خصوصی طلباوطالبات کو بہتر تربیت او رتعلیم فراہم کرے انہیں گداگری جیسی لعنت سے محفوظ رکھ سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ میرے دروازے تمام افراد کیلئے بالخصوص معذور بچوں اور افراد کی خدمت کیلئے ہمہ وقت کھلے ہیں او رضلعی وڈویژنل ا نتظامیہ ان کے تمام مسائل کے حل کیلئے اپنی کاوشیں بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے تمام نئے ترقیاتی منصوبوں میں خصوصی بچوں کیلئے ریمپ اور دیگر سہولیات کو مد نظر رکھنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے عوامی تفریحی مقامات او رتجارتی سنٹرز میں بھی معذوربچوں کی راہنمائی او رسہولت کیلئے خصوصی انتظامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ کمشنر نے کہاکہ پارکس میں خصوصی بچوں کیلئے علیحدہ جگہیں مخصوص کی جائیں گی ۔ انہوں نے اس امر پر اظہار مسرت کیا کہ حکومت پنجاب نے خصوصی بچوں کیلئے میگا پراجیکٹس میں ضلع سرگودھا کو بھی شامل کر لیا ہے جبکہ اعلیٰ تعلیم کیلئے کالج کا آغاز ہو چکاہے ۔

انہوں نے تقریب میں معذور طلباوطالبات کے ٹیبلو ز اور تربیت کے معیاری اظہار کو سراہا ۔ قبل ازیں ڈسٹرکٹ آفیسر خصوصی تعلیم شاہد مختار نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں عزم کا اظہا رکیا کہ وہ ان معذور بچوں کی تعلیم وتربیت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے تاکہ معاشرے پر بوجھ کی بجائے اپنا فعال کردار ادا کرسکیں۔تقریب میں بچوں نے سماجی وثقافتی رویوں کی عکاسی کیلئے ٹیبلو پیش کئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں