قاہرہ (عکس آن لائن) سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے مصر کے دورے کے دوران مصری
صدر عبدالفتاح السیسی اور اپنے مصری ہم منصب سامح شکری سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ نے کہا
کہ خطے میں جاری تنازعات کے حل میں مصر نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ سعودی عرب کے لیے مصر محوری اور
تزویراتی اہمیت کا حامل اتحادی ہے۔مصری صدر عبد الفتاح السیسی سے ملاقات کے دوران سعودی وزیر خارجہ نے صدر السیسی
کے ساتھ، دونوں ممالک کی مشترکہ قومی سلامتی کے اتحاد پر زور دیا اور کہا کہ مصر ہمیشہ خطے میں مملکت کا بنیادی
شراکت دار رہے گا۔ادھر مصری ایوان صدر کے ترجمان سفیر بسام راضی نے کہا کہ صدر نے سعودی وزیر برائے امور
خارجہ کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ
محمد بن سلمان کی طرف سے مصر کے لیے نیک تمنائوں کا پیغام پہنچایا۔ اس موقعے پر مصری صدر نے سعودی قیادت
بالخصوص شاہ سلمان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔مصری صدر نے مصر ـ سعودی تعلقات کی مضبوطی، دونوں برادر ملکوں
کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ، عرب اقوام کے مفادات کے لیے مل کر کام کرنے، دوطرفہ تعاون اور ہم آہنگی کو
فروغ دینے کی خواہش پر زور دیا۔سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے صدر السیسی کو شاہ سلمان بن عبد العزیز
اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے مصری قیادت کی طرف سے دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تاریخی رشتوں
اور تعلقات کے حوالے سے خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔وزیر خارجہ نے عرب قومی سلامتی کے تحفظ اور
عرب قوم کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے اسٹریٹیجک حکمت عملی اختیار کرنے پر اتفاق کیا۔بعد ازاں وزیرخارجہ شہزادہ
فیصل بن فرحان نے مصری وزیرخارجہ سامح شکری سے الگ ملاقات بھی کی جس باہمی دلچسپی کے امور،
عرب ممالک بالخصوص لیبیا میں جاری بھران کے حل کیلیے ہونے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔