لاہور( عکس آ ن لائن) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم مشکل حالات میں اربوں ڈالر زکی مالی معاونت پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی قیادت سے اظہار تشکر کرتی ہے ، اگر ایٹمی صلاحیت کے حامل پاکستان کی دنیا میں عزت و توقیر کو بحال کرنا ہے تو اس کیلئے سب سے پہلے غیر ملکی قرضوں سے نجات حاصل کی جائے جس کیلئے ایک قوم بن کر دن رات محنت کر نا ہو گی ۔
اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہاکہ پاکستان کے دوست ممالک نے ہر کڑے وقت میں ہمارا ہاتھ تھا ما ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم قرضوں کی بجائے سرمایہ کاری کے حصول کیلئے کوششیں کریں تاکہ پاکستان کی معیشت ترقی کرے ۔ معاشی میدان میں کامیابی کے لئے ہمیں دن رات ایک کرنا ہوگا ، خاص طور پر وہ ممالک جو پاکستان سے بعد میں آزاد ہوئے اور معاشی میدان میں ہم سے آگے ہیں ان کے کامیاب ماڈل کو سٹڈی کیا جائے ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ پاکستان میںنہ صر ف غیر ملکی قرضے اتارنے بلکہ دنیا کی بڑی معیشتوں کی صف میں شامل ہونے کی صلاحیت موجود ہے اس کیلئے صرف نیک نیتی اور عزم دکھانا ہوگا ۔