لاہور(عکس آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کسانوں پر تشدد ، شیلنگ کی مذمت اورگرفتارکسانوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب آپ کا خوف ، ڈر اور گھٹیا پن آپ کے ہر عمل سے ظاہر ہے ،وزیراعظم کی دہشتگردی کا عملی مظاہرہ لاہور میں کسانوں پر ہو رہا ہے ،آٹاچینی ، بجلی گیس چور عوام پر سر عام دہشتگردی کر رہے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز ، سرکاری ملازمین، ڈاکٹرز، طلبا میڈیا حتیٰ کہ ہر طبقہ آج سراپا احتجاج ہے کسانوں کو روزگار دینے کی بجائے گرفتار کرنا عمران صاحب کی فاشسٹ سوچ کی عکاسی ہے ،ووٹ چور ظالم حکومت کے پاس عوام کے لئے گالی، گولی اور شیلنگ کے سوا کچھ نہیں ،عوام سے جینے کا حق چھیننے والی ظالم حکومت مظلوموں کی بات سننے پر بھی آمادہ نہیں ،ڈی چوک پر منتخب وزیراعظم کے خلاف دھرنا، سول نافرمانی ، ہنڈی کے ذریعے پیسے منگوانے کا اعلان کرنے والا مظلوموں کی بات سننے کو گیا ر نہیں ،عمران صاحب وزیراعظم ہاوس میں چھپنے سے آپ عوام کے غیض وغضب سے بچ نہیں سکتے ،عمران صاحب کسانوں پر ڈنڈے برسا کر زرعی پیداوار میں اضافہ نہیں ہوگا ،
عمران صاحب کسانوں سے یہ سلوک صرف ووٹ چور ہی کرسکتے ہیں ،کسانوں سمیت پورے پاکستان پر ووٹ چور ٹڈی دل نے حملہ کیا ہوا ہے ، جب تک ظالم ووٹ چور حکومت سے نجات نہیں ہوگی کسانوں سمیت ہر شعبہ زندگی اذیت میں رہے گا ۔ا نہوں نے کہا کہ ڈنڈے اور آنسو گیس کے گولے برسانے والی حکومت کے خلاف عوام سڑک پر آچکے ہیں ،عمران صاحب ہر روز مہنگائی، بیروزگاری اور مسائل کے مارے آپ کا استعفیٰ مانگ رہے ہیں ، گھر جانے کا وقت ہو گیا ہے۔