مسلم لیگ ن

مسلم لیگ (ن) کا گریٹر اقبال پارک میں جلسہ ،15 سو سے زائد وارڈنز تعینات

لاہور ( عکس آن لائن) لاہور ٹریفک پولیس نے مسلم لیگ (ن) کے ( ہفتہ ) گریٹر اقبال پارک میں جلسے کے باعث شہریوں کی سہولت اور شرکا جلسہ کی آگاہی کے لئے ایڈوائزری پلان جاری کردیا۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں، گریٹراقبال پارک کے گردونواح میں ٹریفک کا پہیہ رواں رکھنے کے لئے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ۔ ڈویژنل افسران کی نگرانی میں 15 سو سے زائد وارڈنز تعینات ہوں گے ، شرکا جلسہ کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے 16 مخصوص پارکنگ پوائنٹس مختص کر دیئے گئے جبکہ بڑی گاڑیوں پر آنے والے شرکا کے لئے 03 ڈراپ لین مختص کی گئی ہیں ۔

سی ٹی او لاہور نے شرکاجلسہ سے ٹریفک پولیس سے تعاون کی اپیل کی ہے جبکہ ایمبولینسز اور ایمرجنسی گاڑیوں کے لئے ہمہ وقت راستہ کلیئر رکھنے کا حکم دیا ہے ۔ ٹریفک پلان کے مطابق گجرات،گوجرانوالہ، کامونکی، مریدکے، جی ٹی روڈ سے آنے والے والے شرکا، کالا شاہ کاکو اے براستہ ایسٹرن بائی پاس، رنگ روڈ، جلسہ گاہ تک پہنچیں گے ، سرگودھا، فیصل آباد، موٹروے سے آنے والے شرکا براستہ سگیاں، رنگ روڈ، نیازی شہید جلسہ گاہ تک پہنچیں گے ،

اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان روڈ سے آنے والے شرکا براستہ موٹروے بابوصابو سے بند روڈ، نیازی شہید چوک سے جلسہ گاہ پہنچیں گے جبکہ قصور، کاہنہ اور فیروز پور روڈ،مال روڈ سے آنے والے شرکا براستہ کچہری چوک، داتا دربار جلسہ گاہ پہنچیں گے ۔ پارکنگ پلان کے مطابق کچہری چوک سے آنے والی گاڑیاں شرکا کو اتار کر جانب سگیان رنگ روڈ پر پارک ہوں گی ، نیازی شہید چوک سے آنے والی گاڑیاں مولانا احمد علی روڈ پر اتار کر واپس رنگ روڈ پر پارک ہوں گی ،

رنگ روڈ، مولانا علی احمد روڈ، لاری اڈا تا داتا نگر، داتا دربار تا پیر مکی یوٹرن سنگل لین میں پارکنگ ہو گی ، آغاز فلائی اوور تک ٹمبر مارکیٹ، نیازی شہید چوک تک بھی سنگل لین پارکنگ ہوگی، دفتر محکمہ جنگلات اور لاری اڈا بس اسٹینڈ کی پارکنگ کو بھی استعمال میں لایا جائے گا، ریلوے اسٹیشن جانب شیرانوالہ تا گریٹر اقبال تک روڈ معمول کی ٹریفک کیلئے بند ہوگا۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق راستہ ایپ، راستہ ایف ایم 88.6، ہیلپ لائن 15سے شہریوں کو لمحہ بہ لمحہ ٹریفک صورتحال سے آگاہ رکھا جائے گا، شہری مدد اور راہنمائی کیلئے ہمہ وقت ہیلپ لائن 15 پر کال کرسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں