لاہور(عکس آن لائن) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے نومنتخب صدر پاکستان مسلم لیگ راولپنڈی زبیر احمد خان اور جنرل سیکرٹری فیاض تبسم نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور پارٹی امور کی انجام دہی کیلئے ذمہ داری ملنے پر مسلم لیگی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ضلع میں موجودہ سیاسی اور بلدیاتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ عوام کی ترجمان ہے، عوامی مسائل کو حل کروانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں ہماری پارٹی بھرپور طریقے سے حصہ لے گی۔دریں اثناء سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے سابق وفاقی وزیر رئیس منیر احمد اور ایم پی اے رئیس نبیل نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔