کراچی(عکس آن لائن)کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو 22 رنز سے ہراکر ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 میں پہلی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ 177 رنز کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی پوری ٹیم19.4 اوورز میں 154 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔یہ ایونٹ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پہلی جیت ہے، سرفراز احمد کی قیادت میں میدان میں اترنے والی ٹیم کو اس سے قبل اپنے چاروں گروپ میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ایونٹ کے ابتدائی 14 میچز میں یہ پہلا موقع ہے کہ جب ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 میں پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم نے کوئی میچ جیتا ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسپنر قیس احمد کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔مقررہ ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز محمد رضوان اور جیمز ونس نے پر اعتماد انداز اپنایا اور اپنی ٹیم کو 63 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا۔جیمز ونس نے 4 چوکوں کی مدد سے 24رنز بنا ئے۔
انہیں قیس احمد نے آﺅٹ کیا۔ کپتان محمد رضوان 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی بدولت 66 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔ وہ اسپنر زاہد محمود کا شکاربنے۔دونوں اوپنرز کے علاوہ ملتان سلطانز کا کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکا اور وقفے وقفے سے کوئٹہ گلیڈایٹرز کی باﺅلنگ کے جال میں پھنس کر پویلین واپس لوٹتا رہا۔شان مسعود 1، رائیلی روسو 3، صہیب مقصود 2، خوشدل شاہ 19، کارلوس بریتھ ویٹ 4، سہیل خان 8، عمران طاہر 14 اور شاہنواز دھانی بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوئے۔عمران خان صفر پر ناٹ آﺅٹ رہے۔ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 19.4 اوورز میں 154 رنز پر آﺅٹ ہوگئی۔ کوئٹہ کے اسپنر قیس احمد نے 21 رنز کے عوض 3 جبکہ محمد حسنین اور زاہد محمود نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ ڈیل اسٹین اور محمد نواز نے بھی ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔اس سے قبل ٹاس جیت کر فیلڈنگ کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر عثمان خان نے نوجوان صائم ایوب کے ہمراہ کھیل کا آغاز کیا۔
دونوں اوپنرز نے بہتر کھیل پیش کیا تاہم کوئٹہ کی پہلی وکٹ 69 کے مجموعی اسکور پر اس وقت گری جب صائم ایوب 23 رنز بنا کر عمران طاہر کی گیند پر آﺅٹ ہوگئے،ادھر ایچ بی ایل پی ایس ایل میں اپنا ڈیبیو کرنے والے کراچی سے تعلق رکھنے والے نوجوان بیٹسمین عثمان خان نے متاثرکن کھیل کا مظاہرہ کیا اور عمران طاہر سمیت حریف ٹیم کے تمام باﺅلرز کو آڑے ہاتھوں لیا، انہوں نے 50 گیندوں پر 81 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں دس چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔عثمان خان کے آﺅٹ ہوتے ہی فاف ڈپلیسی بھی 17 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے،جس کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کوئی بھی اور بلے باز قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔محمود نواز 20 ، بین ڈنگ10 اوراعظم خان 17 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے۔ملتان سلطانز کے نوجوان پیسر شاہ نواز دھانی نے 44 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا، عمران طاہر نے دو جبکہ سہیل خان اور عمران خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔