لاہور (عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی حکومت کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کی تدبیریں ان کے اپنے گلے پڑ جائیں گی ، مسترد شدہ سیاستدانوں سے حکومت کو ہرگز کوئی خطرہ نہیں بلکہ ہر میدان میں کامیابی سے پیشرفت جاری ہے ،موثر پالیسیوں کے ثمرات جلد عوام تک پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملاقات کیلئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حکومت کو ہر روز ملنے والی کامیابیوں سے اپوزیشن کی تمام امیدوں پر پانی پھر جاتا ہے اور یہ پھر نئی سازشوں کیلئے سر جوڑ لیتے ہیں ۔ پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والے نا کام اور نا مراد ہی رہیں گے اور انہیں بالآخراس سے توبہ تائب ہونا پڑے گا۔
انہوں نے کہاکہ حکومت کو پہاڑ جیسے مسائل ورثے میں ملے لیکن اس کے باوجود حالات میں روز بروز بہتری آرہی ہے جس کیو جہ سے اپوزیشن حواس باختہ ہوچکی ہے ۔ گڈ گورننس پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے جس کے مجموعی طو رپر مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حکومت گروتھ بڑھانے کیلئے انڈسٹری کی ترقی کیلئے کام کر رہی ہے ، ملک میں بڑی مشینری کی امپورٹ شروع ہو گئی ہے اور آنے والے چند ماہ میں نہ صرف ہماری گروتھ بڑھے گی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے ۔ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے بھی پالیسیاں ترتیب دی گئی ہیں جس سے اندرون اور بیرون ممالک سے سرمایہ کار ی کے رجحان میں اضافہ ہو رہا ہے ۔