اسلام آباد (عکس آن لائن) پاکستان میں غیر قانونی طور پر 12 سال گزارنے والی امریکی معمر خاتون نے کہا ہے کہ ان کے والد کی قبر ٹیکسلا میں ہے، ڈی پورٹ نہ کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق 80 سالہ بزرگ امریکی خاتون کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 701 سے مانچسٹر روانہ کیا جائے گا، خاتون مرے موڈ نے ڈی پورٹ ہونے سے انکار کرنے کے بعد ایئر پورٹ کو مسکن بنا لیا ہے۔
بزرگ خاتون نے بیان دیا ہے کہ ان کے والد کی قبر پنجاب کے تاریخی شہر ٹیکسلا میں ہے اس لیے وہ پاکستان سے نہیں جائیں گی، تاہم آج انھیں واپس مانچسٹر بھیجنے کی کوشش کی جائے گی۔ خاتون کا ایف آئی اے اہل کاروں سے یہ بھی کہنا تھا کہ وہ ان کے وکیل سے بات کریں، تاہم ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ اگر کوئی وکیل ہے تو انھیں یہاں آ کر اجازت نامہ دکھانا چاہیے۔
امریکی خاتون 2001 میں 6 ماہ کے ویزے پر پاکستان آئی تھیں، تاہم انھوں نے ویزا مدت ختم ہونے کے باوجود 12 سال پاکستان میں غیر قانونی طور پر گزارے، آخر کار 2013 میں خاتون کو بلیک لسٹ کر کے پاکستان سے ڈی پورٹ کر دیا گیا۔