لاہور(عکس آن لائن ) مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر نیب وکیل نے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگ لی۔مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی، نیب کی جانب سے جواب جمع نہ کرایا گیا جس پر نیب کے وکیل نے مریم نواز کی درخواست پر جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگ لی۔
عدالت نے استفسار کیا کہ نیب کو نوٹس جاری کیا گیا تھا، جواب کیوں نہیں جمع کرایا گیا جس پر نیب کے وکیل فیصل بخاری نے کہا کہ آئندہ سماعت پر جواب جمع کرا دیں گے، عدالت نے 24 دسمبر تک سماعت ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ مریم نواز نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ والد کی طبیعت خراب ہے، انہیں دیکھنے کے لیے ملک سے باہر جانا ہے، لاہور ہائیکورٹ پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دے۔