لاہور( عکس آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ اگر پارٹی کی نائب صدر مریم نواز کو کوئی نقصان پہنچا تو ہم پاکستان کھپے کا نعرہ نہیں لگائیں گے۔
نجی ٹی وی کے پروگرا م میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا جب پاکستان پیپلز پارٹی کی سربراہ بینظیر بھٹو کے ساتھ حادثہ پیش آیا تھا تو ان کے ورثا ء نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا تھا لیکن ہم وہ نعرہ نہیں لگائیں گے۔جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ اگر مریم نواز کو کچھ ہوا تو اس میں جو لوگ ملوث ہوئے پاکستانی قوم انہیں کٹہرے میں کھڑا کروا دے گی۔وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے لیگی رہنما پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جاوید لطیف جیسے رہنمائوں کی پاکستان سے وفاداری ایک الیکشن کی ہے، انہیں نہ بات کرنے کی تہذیب ہے اور نہ ہی علم و عقل، ان جیسے سیاستدان ہار جائیں تو ملک کے خلاف سازشیں کریں گے۔
معاون خصوصی شہباز گل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جاوید لطیف کا بیان سن کر بہت افسوس ہوا، اس بیان کی مذمت کرتا ہوں، انہیں اپنا بیان واپس لینا چاہیے۔دعا ہے اللہ نواز شریف اور مریم نواز کو لمبی زندگی ہے، سیاست ہوتی رہتی ہے لیکن ایسا بیان نہیں دینا چاہیے۔