لاہور( عکس آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے رہنما وسابق وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ مریم نواز بھی نواز شریف اور شہباز شریف کی قائم خدمت کی روایت کو آگے لے کر بڑھیں گی، پاکستان کو سیاسی اور معاشی استحکام کی ضرورت ہے، پنجاب میں سب سے بڑا چیلنج سیاست کو بد تہذیبی سے صاف کرنا ہے،میاں اسلم اقبال کے پروڈکشن آرڈر سے متعلق نئی حکومت فیصلہ کرے گی۔
پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پنجاب میں نئی روایت قائم کی جارہی ہے، اس تاریخی لمحے کا حصہ ہونے پر فخر ہے، وزارت اعلی خدمت کا منصب ہے، شہبازشریف نے بطور خادم اعلی مثال قائم کی اب نوازشریف کی روایات کو مریم نواز آگے بڑھائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز میرٹ پر کام کریں گی، بیورو کریسی کے تعاون نہ کرنے کی کوئی مثال نہیں، مریم نواز کو تمام طبقات کا تعاون حاصل ہوگا۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سب سے بڑا چیلنج سیاست کو بد تہذیبی سے صاف کرنا ہے، سیاست ، بدتمیزی اور بدتہذہبی کا سلسلہ چار،پانچ سال سے جاری ہے، پاکستان کو سیاسی استحکام دینا سب سے بڑا چیلنج ہے، سیاسی استحکام ہی معاشی استحکام لائے گا، معاشی استحکام کے بغیر پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مستحکم کرنے کا چیلنج مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو درپیش ہے، مریم نواز اس چیلنج میں اپنا بنیادی کردار ادا کریں گی۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میاں اسلم اقبال کے پروڈکشن آرڈر سے متعلق نئی حکومت فیصلہ کرے گی۔