لاہور( عکس آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئرمرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ مریم نوازکاشروع سے یہی جھگڑا تھا کہ انہیں اپنے والد نواز شریف کے ہمراہ باہرجانے دیا جائے ،پی ڈی ایم پہلے ہی حالت نزاع میں تھی اورمریم نواز کے بیرون جانے کی خواہش کے بیان نے رہی سہی کسر بھی نکال دی ہے ،پی ڈی ایم اس وقت لانگ مارچ تو کیا شارٹ مارچ یا علامتی مارچ کی پوزیشن میںبھی نہیں ہے ۔
اپنے ایک بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کی ووٹنگ کے طریق کار پر رائے لینے کیلئے حکومت عدالت میںگئی ہوئی ہے اور اس پر جو بھی فیصلہ آئے گا اس پر عمل کیا جائے گا ۔ حکومت کو سینیٹ انتخابات میں کوئی خطرہ نہیں اور انشا اللہ ہم اپنی تعداد کے مطابق مطلوبہ نشستیں حاصل کریں گے ۔ انہوںنے کہا کہ مریم نواز کے اپنی سرجری کیلئے بیرون ملک جانے کی خواہش کے اظہار سے بلی تھیلے سے باہر آ گئی ہے ۔ حالانکہ مریم نواز کا شروع سے یہی جھگڑا تھاکہ انہیں اپنے والد نوازشریف کے ہمراہ باہر جانے دیا جائے ۔
نواز شریف کے باہر جانے سے ایک سال قبل تک مریم نواز مکمل خاموش رہیں ، والد کے باہر جانے کے بعد بھی کچھ دیر خاموش رہیں اور پھر متحرک ہو گئیں اوراب انہوں نے اپنی خواہش ظاہر کر دی ہے، ان کے ساتھ جڑے ہوئے لوگ ان کے اس بیان سے حیرت زدہ ہیں، پی ڈی ایم جو پہلے ہی حالت نزاع میں تھی رہی سہی کسر مریم نواز کے بیرون ملک جانے کی خواہش کے بیان نے نکال دی ہے ۔ ہمایوں اخترخان نے کہا کہ اپوزیشن اپنی قیادت کو ریلیف دلوانے کی شرائط کو ایک طرف رکھ کر قومی معاملات پر بات چیت کیلئے بیٹھے تو ہم اس کا خیر مقدم کریں گے لیکن پیشگی شرائط سے کبھی بھی بات چیت کا آغازنہیں ہوگا۔