اسلام آباد (عکس آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے قید حمزہ شہباز کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دس ماہ سے حمزہ شہباز کی گرفتاری سیاسی انتقام اور نیب نیازی گٹھ جوڑ کی بدترین مثال ہے۔
انہوںنے کہاکہ 10 ماہ ہوگئے لیکن نیب نیازی گٹھ جوڑ کوئی ریفرنس دائر نہیں کرسکا ،دس ماہ میں نیب نیازی گٹھ جوڑ حمزہ شہباز کے خلاف عدالتوں میں کوئی الزام ثابت نہ کرسکا۔ انہوںنے کہاکہ 10ماہ ہوگئے لیکن کوئی منی لانڈرنگ یا قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام بھی نہیں لگایا جا سکا ،نیب نیازی گٹھ جوڑ کے 10ماہ میں عدالتوں میں کچھ بھی ثابت نہ کرنے کے باوجود حمزہ شہباز ناحق قید میں ہیں ۔انہوںنے کہاکہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کا نشانہ بننے والوں کی ناحق قید کا ازالہ کون کرے گا؟ ،حمزہ شہباز کا اصل قصور نواز شریف کا بھتیجا اور شہباز شریف کا بیٹا ہونا ہے۔
انہوںنے کہاکہ جہانگیر ترین اور حکومتی وزراء کی نیب انکوائریاں بند پڑی ہیں ، کسی میں انہیں کھولنے کی ہمت نہیں ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اپوزیشن اور میڈیا کے لوگوں کو محض انکوائری اور الزام پر گرفتار کر لیا جاتا ہے ،عمران مافیا عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈالے تو کوئی پوچھنے والا نہیں۔ انہوںنے کہاکہ حکومت میں موجود آٹا , چینی ، گیس بجلی چوری کرنے والوں کی فائلیں اور نیب کی آنکھیں بند ہی رہیں گی۔