کراچی (عکس آن لائن)اینکر مرید عباس سمیت دوافراد کے قتل کیس میں انسداددہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کے خلاف دائر درخواست پر عدالت نے فریقین سے انتیس نومبر تک جواب طلب کرلیا ہے،تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز سندھ ہائی کورٹ میں نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس سمیت دوافراد کے قتل کیس میں انسداددہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کے خلاف مرید عباس کی بیوہ زارا عباس کی درخواست کی سماعت ہوئی، ملزمان کی جانب سے نئے وکیل فرید احمد دائیو نے وکالت نامہ جمع کرایا،
ملزمان وکیل کا کہنا تھا درخواست کی کاپی موصول نہیں ہوئی درخواست کا جائزہ لینے کے بعد ہی جواب جمع داخل کراسکوں گا،دوران سماعت زاراعباس کے وکیل نے الزام عائد کیا کہ ملزمان عاطف زمان اور عادل زمان کی جانب سے کیس کو التوا کا شکار کرنے کے لیے تاخیری حربے استعمال کیے جارہے ہیں،وکیل وقار عباسی ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ یہ دہرے قتل کا کیس ہے جسے جان بوجھ کرلٹکایا جارہا ہے،بعد ازاں عدالت نے فریقین سے 29 نومبر کو جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔