مرغی کا گوشت

مرغی کے گوشت میں 15 روپے کلو اضافہ، پیاز کے نرخ 40 روپے بڑھ گئے

لاہور/پشاور(عکس آن لائن ) مرغی مزید مہنگی، مرغی کے گوشت میں 15 روپے کلو اضافہ ہو گیا، پیاز کے نرخ بھی 40 روپے فی کلو بڑھ گئے۔

لاہور میں برائلر مرغی کا گوشت 15 روپے فی کلو مہنگا ہو گیا، گوشت کی نئی قیمت 431 روپے کلو مقرر کی گئی ہے۔ زندہ برائلرمرغی کا تھوک ریٹ 286 روپے فی کلو جبکہ پرچون ریٹ 297 روپے فی کلو مقرر کیا گیاہے، لاہور میں فارمی انڈوں کی فی درجن قیمت 237 روپے کی سطح پر برقرار ہے۔ پشاور میں برائلر مرغی کی فی کلو قیمت میں ایک بار پھر 20 روپے اضافہ ہو گیا ہے، زندہ برائلر مرغی جو 330 روپے میں فروخت ہو رہی تھی۔ سرکاری نرخنامے کے مطابق بیس روپے اضافے کے بعد برائلر مرغی کی نئی قیمت 350 روپے کلو ہو گئی ہے، دوسری جانب عیدالاضحی کی آمد سے قبل ہی پیاز کے نرخ بھی بڑھنا شروع ہو گئے ہیں۔ پشاور میں پیاز کی فی کلو قیمت گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 40 روپے بڑھی ہے، سبزی ڈیلرز نے پیاز کے نرخوں میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیاہے۔ سرکاری نرخنامے میں پیاز کی قیمت 70 روپے فی کلو سے بڑھا کر 110 روپے فی کلو کر دی گئی ہے۔