مدینہ (عکس آن لائن) سعودی حکام نے مدینہ منورہ میں پہلا بصری عجائب گھر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا تجربہ ہوگا جس کی تیاریاں جاری ہیں۔ سعودی اخبار کے مطابق مدینہ منورہ کے پہلے بصری عجائب گھر میں سیرت طیبہ اور مسجد نبوی کی کہانی نئے انداز سے پیش کی جائے گی۔ اس کا عنوان ’’سنا ہوا دیکھے ہوئے کی مانند کیسے ہوسکتا ہے‘‘ ہو گا۔عجائب گھر کا افتتاح 2020ء کے شروع میں متوقع ہے۔
ابتدا میں سیرت طیبہ کے واقعات پر مشتمل 8 فلمیں پیش کی جائیں گی۔ یہ منصوبہ سیاحت اور ثقافت کے حوالے سے سعودی ویژن 2030ء کے تصور کی تکمیل ہوگی۔بصری عجائب گھر پروجیکٹ کے چیئرمین احمد الجریشی کے مطابق یہ اپنی نوعیت کا پہلا عجائب گھر ہوگا۔ سینما سکرین کے ذریعے تھری ڈی ٹیکنالوجی اور ڈی ایٹ ساؤنڈ ٹیکنالوجی کی مدد سے 8 زبانوں میں سیرت طیبہ کے مناظر زائرین کو دکھائے جائیں گے۔
احمد الجریشی نے بتایا ابتدائی فیصلے کے مطابق عربی، انگریزی، فرانسیسی، ترکی، ہندی، اردو، ملیشیائی اور انڈونیشی زبانوں میں تمام مضامین پیش کیے جائیں گے۔بصری عجائب گھرمیں عمرہ، حج اور مسجد نبوی شریف کی زیارت کے لیے آنے والوں کے ساتھ سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو بھی آنے کی اجازت ہوگی۔