فیصل آباد(عکس آن لائن)محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے گوشت و دودھ کی پیداوار میں اضافہ کیلئے خصوصی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ محکمہ کے کئی مراکز بشمول لائیو سٹاک تجرباتی فارم بہاولنگر، اوکاڑہ، بھو نیکی پتوکی، ڈیرہ چاہل بیلیاں روڈ لاہور،لائیو سٹاک تجرباتی فارم کھیری مورت فتح جنگ اٹک اور دیگر لائیو سٹاک تجرباتی فارمز و اینیمل نیوٹریشن سنٹر ز پر انمول ونڈہ کی بھاری مقدار فراہم کر دی گئی ہے
نیز بکریوں کی افزائش نسل کیلئے بھی شعور و آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ نہ صرف ملکی گوشت و دودھ کی ضروریات پوری کی جا سکیں بلکہ اضافی گوشت، دودھ اور اس سے تیار ہونے والی دیگر مصنوعات کی برآمدات میں بھی خاطر خواہ اضافہ کرتے ہوئے قیمتی زر مبادلہ کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آبادکے ترجمان نے بتایاکہ حکومت زرعی اجناس اور پھلوں کے بعد گوشت اور دودھ کی پیداوار میں اضافہ کیلئے بھر پور وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک کا دودھ اور گوشت کی زیادہ پیداوار کیلئے خصوصی طور پر تیار کردہ انمول ونڈہ لحمیات کے علاوہ قابل ہضم اجزائ اور نمکیات سے بھر پور ہے۔
انہوں نے کہا کہ انمول ونڈہ پھل، بنولہ، چوکر،روٹی کے ٹکڑوں اور آٹے سے کہیں سستا، معیاری اور زود ہضم ہے۔انہوں نے کہا کہ مویشی پال خواتین و حضرات انمول ونڈہ استعمال کرکے اپنی آمدنی میں اضافہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لائیو سٹاک زراعت کا اہم حصہ ہے جس کا مجموعی قومی پیداوار میں حصہ 11.4فیصد ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر مویشیوں کی بہتر نگہداشت کی جائے تو ان کا وزن 120روز کے اندر اندر 210سے 260کلو گرام تک بڑھایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کٹڑوں اور بچھڑوں کو گوشت کیلئے فربہ کرنا زرعی صنعت سے وابستہ اہم منصوبہ ہے۔انہوں نے بتایاکہ اس وقت پنجاب کی 30سے 35ملین آبادی لائیو سٹاک کے شعبہ سے منسلک ہے اور وہ گھریلو سطح پر اوسطاً 2سے 3بھینسیں، ایک سے 2گائے، 5سے 6بکریں لازمی پالتے ہیں جس سے ان کو اپنی اصل آمدنی کا 35سے 40فیصد حصہ حاصل ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماہرین لائیو سٹاک اور محکمہ کے افسران و اہلکاران ہمہ وقت مویشی پال حضرات کی رہنمائی کیلئے کوشاں ہیں اس لئے کسی بھی ضرورت کے وقت ان سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مویشی پال حضرات اپنے جانوروں کو مختلف قسم کی بیماریوں سے بچانے کیلئے قریبی ویٹرنری ہسپتال یا ویٹرنری ڈسپنسریز سے رابطہ کر کے ویکسینیشن کروائیں۔انہوں نے کہا کہ ا س ضمن میں محکمہ لائیو سٹاک کی موبائل موٹر سائیکل سروس سے بھی استفادہ کیا جا سکتا ہے۔