فیصل آباد (عکس آن لائن) محکمہ زراعت نے کپاس کے کاشتکاروں کو باقاعدگی سے ہفتہ میں دو بار پیسٹ سکاؤٹنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے ،
کہ چونکہ وسطی اور جنوبی پنجاب میں کپاس کی کاشت کے بعض علاقوں میں کہیں کہیں کپاس کی فصل پر لشکری سنڈی کامعمولی حملہ مشاہدہ میں آرہا ہے،
لہٰذا اس کے تدارک کے لئے فوری عملی اقدامات نا گزیر ہیں ورنہ فصل کو نقصان پہنچنے کا احتمال ہو سکتا ہے۔
محکمہ کے ترجمان نے کاشتکاروں کے نام پیغام میں کہا کہ کپاس کے کھیتوں کو اٹ سٹ لشکری سنڈی اور دیگر جڑی بوٹیوں سے بچانا بہت ضروری ہے ا س لئے کاشتکار کسی غفلت کا مظاہرہ نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ سابقہ مشاہدات کے مطابق لشکری سنڈی کا حملہ شروع میں ٹکڑیوں کی شکل میں ہوتاہے.
جس میں مادہ پروانہ پتوں کی نچلی سطح پر گچھوں کی شکل میں انڈے دیتی ہے جو آسانی سے نظر آسکتے ہیں.
لہٰذا ایسی صورت میں کاشتکار ایسے پتوں کو فوری طور پر توڑ کر انڈوں کے گچھوں اور چھوٹی سنڈیوں کو تلف کر دیں ۔
انہوں نے کہا کہ کپاس کی فصل پر لشکری سنڈی کا حملہ نظر آنے کی صورت میں محکمہ زراعت کے مشورہ سے سفارش کردہ زہروں کا سپرے یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں محکمہ کی فری ہیلپ لائن سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔