فیصل آباد (عکس آن لائن):محکمہ زراعت نے سورج مکھی کی فصل کی کٹائی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادخالد اقبال نے کہا کہ اکثرمقامات پرسورج مکھی کی فصل اس وقت بڑھوتری کے تمام مراحل طے کرکے کٹائی کیلئے تیار ہوگئی ہے کیونکہ سورج مکھی 120سے130دنوں میں تیار ہونے والی ایک حساس فصل ہے تاہم فصل کے پکنے کا انحصار اس کی قسم اور موسم پر ہوتا ہے لیکن فصل کو برداشت کرنے سے پہلے کچھ علامات کا خیال رکھنا ضروری ہے جیسا کہ پھول کی پشت سنہرے رنگ کی ہونی چاہیے، پھول کی زرد پتیاں خشک ہوکر گر جائیں،سبز پتوں کا آدھا حصہ گر جائے اور بیج میں دودھیا پن ختم ہوجائے تو فصل برداشت کیلئے تیار ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار سورج مکھی کی برداشت کا عمل بڑی محنت اور احتیاط سے کریں کیونکہ اس عمل میں چھوٹی سی کوتاہی پیداوار کو بری طرح متاثر کرسکتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ سورج مکھی کی فصل کے پھولوں کو درانتی سے کاٹ لیں اور دو سے تین دن تک زمین سے ایک فٹ اونچے بنائے گئے چبوتروں پر پھیلا دیں اس کے بعد تھریشر سے گہائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر فصل تھوڑی ہوتو پھولوں کی کٹائی کے بعد ان کو خشک کرکے ڈنڈوں سے کوٹ کر دانے علیحدہ کرلیں اورسورج مکھی کے دانوں کو دھوپ میں اچھی طرح خشک کریں۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار زیادہ رقبوں پر کاشتہ فصل کی برداشت کیلئے کمبائن ہارویسٹر کااستعمال کریں کیونکہ اگر فصل پکنے کے بعد بروقت برداشت نہ کی جائے تو فصل کے گرنے اور پرندوں کے کھانے کی وجہ سے نقصان کا احتمال ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیر تک کھڑی فصل میں بارش ہونے کی صورت میں سورج مکھی کے بیجوں کو پھپھوندی لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جس سے پیداوار میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔