بارشوں

محکمہ زراعت پنجاب کا زیادہ بارشوں کے خطرے کے پیش نظر کاشتکاروں کو انتباہ

راولپنڈی (عکس آن لائن) محکمہ زراعت پنجاب نے رواں برس زیادہ بارشوں کے خطرے کے پیش نظر زرعی زمینوں سے پانی کی مناسب نکاسی اور مون سون کے دوران مختلف فصلوں کی خصوصی حفاظت کی ہدایت کی ہے ۔ترجمان نے بتایاکہ کماد،دھان اور چارہ جات کی فصلات پانی کی زیادتی کو برداشت کر جاتی ہیں لہٰذا بارش کے زائد پانی کو ان فصلات میں منتقل کرنے سے مضر اثرات مرتب نہیں ہوتے ہیں جب کہ کپاس اور سبزیات کی فصلات پانی کی زیادتی برداشت نہیں کرپاتیں اس لئے ان فصلات سے بارش کے زائد پانی کی نکاسی کا فوری بندوبست کرنا چاہیے تاکہ یہ فصلات بارشوں کے مضر اثرات سے محفوظ رہیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ ریڈیو اور ٹی وی سے نشر ہونے والے موسمی پیشن گوئی پر نظر رکھیں تاکہ اپنی فصلوں کی آبپاشی کیلئے اس کے مطابق اپنا پروگرام ترتیب دے سکیں۔امسال محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق مون سون کے موسم میں زیادہ بارشوں کا امکان ہے لہذٰا کاشتکار اس کے مطابق عمل کریں اور فصلات کی حفاظت کیلئے اقدامات کریں اس سلسلے میں کاشتکار اپنی فصلات یا فارمز میں نکاسیِ آب کا نظام خاص طور پر بہتر کریں۔ ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ مون سون کے موسم میں جڑی بوٹیوں کی افزائش میں اضافہ ہوتا ہے۔

یہ جڑی بوٹیاں نہ صرف غذائی ضرروتوں کے اعتبار سے فصل کے پودوں سے مقابلہ کرتی ہیں بلکہ یہ ضرر رساں کیڑوں کی پناہ گاہ بھی ثابت ہوتی ہیں۔اس موسم میں رس چوسنے والے کیڑوں کے حملے کا خطرہ زیادہ ہو جاتا ہے کیونکہ موسم میں نمی اور حبس ان کی افزائش میں معاون ثابت ہوتی ہے اس لئے کاشتکار ان ضرررساں کیڑوں کے تحفظ کیلئے محکمہ زراعت (توسیع یا پیسٹ وارننگ) کے مقامی عملے سے مشورہ کریں اور بارش بند ہونے کی صورت میں محکمہ زراعت کے مقامی عملے کے مشورہ سے سپرے کریں۔کاشتکار فصلات کی کاشت ترجیحاً پٹریوں پر کریں کیونکہ اس سے فصلات بارشوں کے ہونے والے مضر اثرات سے محفوظ رہتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں