فیصل آباد(عکس آن لائن)محکمہ زراعت نے حکومت پنجاب کے پھلوں کی پیداوار کے فروغ کے منصوبہ کے تحت نرسری کاشتکاران کی سائنسی بنیادوں پر تربیت کا آغاز کردیاہے جبکہ پھلدار پودوں کی نرسریوں کے معیار کو جانچتے ہوئے رجسٹرڈکرنے کے بعد انہیں زرعی تحقیقاتی اداروں کے ذریعے صیحح النسل اور بیماریوں سے پاک پودے مہیا کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلہ میں فارمرز ڈیز اور سیمینارز منعقد کرنے کا بھی آغاز کیا جارہا ہے تاکہ نرسری کاشتکاران کو سائنسی بنیاد پر تربیت دے کر پھلوں کی پیداوار بڑھائی جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت پھلوں کی پیداوار کے فروغ کیلئے سرگرم عمل ہے جبکہ اس سلسلہ میں نرسریوں کی رجسٹریشن کا عمل بھی جاری ہے تا کہ مستقبل میں صحیح النسل پھلوں کی کاشت کے رقبہ کو بڑھایا جاسکے۔
انہوں نے بتایا کہ نرسری کے کاشتکاران کو پھلدار پودوں کی افزائش،قلمکاری اور پیوند کاری کے جدید طریقوں کے بارے میں آگاہی فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کے منصوبہ برائے پھلوں کی پیداوارمیں اضافہ کے ذریعے پنجاب بھر میں پھلدار پودوں کی نرسریوں کے معیار کو جانچتے ہوئے رجسٹرڈ کیا جا رہا ہے کیونکہ ان رجسٹرڈ نرسریوں کو زرعی تحقیقاتی اداروں کے ذریعے صیحح النسل اور بیماریوں سے پاک پودے مہیا کئے جائیں گے اور مذکورہ رجسٹرڈ نرسریاں ان پودوں سے مزید پودے بنا کر کاشتکاروں کو فراہم کریں گی۔
انہوں نے کہاکہ ان حکومتی اقدامات سے کاشتکاروں کو اعلی نسل کے پودے میسر آئیں گے اور مستقبل میں پھلوں کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس حکومتی منصوبے کے ذریعے نرسریوں کو سبسڈی بھی مہیا کی جائے گی تاکہ وہ اپنے انفراسٹرکچر کو بہتر بنا کر اعلی نسل کے پودوں کی تعداد میں اضافہ کرسکیں نیز اس پبلک پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے ملکی زرعی پیداوار کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ خطہ پوٹھوہار میں پھلدار پودوں کی کاشت کا فروغ بڑھ رہا ہے لہذاحکومت پنجاب کے اس منصوبے کے ذریعے اس خطہ میں پھلوں کی کاشت کے رحجان کو مزید تقویت ملے گی۔