وفاقی وزیر داخلہ

محنت کشوں کے بغیر کوئی قوم ترقی کے راستے پر نہیں چل سکتی، محسن نقوی

اسلام آباد(عکس آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مزدوروں کے عالمی دن پر محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محنت کشوں کے بغیر کوئی قوم ترقی کے راستے پر نہیں چل سکتی۔

محنت کشوں کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی تمام افرادی قوت کو دلی مبارکباد دیتا ہوں اور نیک تمناﺅں کا اظہار کرتا ہوں، یہ دن ہمیں جبر و استبداد کے خلاف شکاگو کے شہدا کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ محنت کش ہمارے ہیرو ہیں جو رزق حلال کما کر معیشت کو مضبوط کرتے ہیں، ملک کی تعمیر و ترقی میں محنت کشوں کی بہادرانہ جدوجہد کو خراج تحسین کرتے ہیں، محنت کش کو اللہ کا دوست قرار دے کر اس کی عظمت کو اجاگر کیا گیا ہے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ محنت کشوں کی عظمت کو سلام، ان کے بغیر کوئی بھی قوم ترقی و کامیابی کے راستے پر نہیں چل سکتی، پیداوار کی بڑھوتری کیلئے مزدوروں کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے، تیز رفتار، جامع اور پائیدار ترقی کا ہدف صرف محنت، لگن اور پرعزم افرادی قوت کی وجہ سے ہی حاصل ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال یوم مزدور ہمیں دنیا بھر میں محنت کشوں کی قربانیوں کے اعتراف کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، آج ہم محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی اجتماعی بھلائی کیلئے اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔