اسلام آباد (عکس آن لائن)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے لیبیامیں سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں پاکستان کی عوام اور حکومت اپنے لیبیاکے بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے اللہ تعالی سے دعا کی کہ ایسی ناگہانی قدرتی آفت سے سب کو محفوظ رکھیں۔چیئرمین سینیٹ نے سیلاب کے نتیجے میں جاں بحق افراد کے بلندی درجات اور لواحقین کے صبر جمیل کی اللہ تعالی سے دعا بھی کی۔
محمد صاد ق سنجرانی نے کہا کہ لیبیا کے بہادر عوام اپنے روایتی عزم اور برداشت سے اس ناگہانی آ فت کا مقابلہ کریں گے۔پاکستانی قوم کی دعائیں لیبیا کی عوام اور حکومت کے ساتھ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث اقوام عالم کو مسائل کا سامنا ہے۔ پاکستان بھی اس کا شکار ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے کے لئے عالمی سطح پر بین الریاستی تعاون کو اہم قرار دیا۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، قائد ایوان سینیٹ سینیٹر اسحاق ڈار، قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی لیبیا میں سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر دلی دکھ اورافسوس کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے سیلاب کے باعث لیبیامیں جاں بحق ہونے والے افراد کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم کے دل لیبیا کی عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ دکھ کی اس گھڑی میں لیبیاکی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔