اشرف بھٹی

متاثرین کی بحالی کیلئے وسائل رکھنے والے ممالک ، ڈونر ایجنسیوں سے فوری رابطے کئے جائیں’ اشرف بھٹی

لاہور(نمائندہ عکس)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ قوم کو بد ترین سیلاب سے متاثر ہونے والوں کیلئے ایک بار پھر وہی جذبہ دکھانا ہوگا جو 2005 کے زلزلے اور 2010کے سیلاب کے موقع پردکھایا تھا ، ملک بھر کی تاجر برادری قوم کے شانہ بشانہ رہ کر اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کرے گی ، حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے وسائل رکھنے والے ممالک اور عالمی اداروں سے فوری رابطوں کا سلسلہ شروع کرے ۔

اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ شدید بارشوں اور بد ترین سیلاب کی وجہ سے جو تباہی ہوئی ہے تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی، سیلاب کی وجہ سے کروڑوں افراد متاثر ہوئے ہیں، سیلاب سے متاثرہ علاقو ں میں انفراسٹر اکچر تباہ ہو گیا ہے جس کی بحالی کے لئے سالوں درکار ہوں گے۔

تاجروں نے اپنے طور پر امداد اکٹھی کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے اور جلد متاثرہ علاقوں کے لئے ضروریات زندگی کی اشیاء روانہ کی جائیں گی ۔ انہوںنے کہا کہ سیلاب سے جس قدر تباہی ہوئی ہے ایسے حالات میں حکومت تنہا کچھ نہیں کر سکتی اس لئے قوم سے اپیل ہے کہ وہ ہمیشہ کی طرح اپنا جذبہ دکھائے اور دکھی بہن بھائیوں کی مدد کے لئے اپنا کردار ادا کرے ۔ ملک بھر کی تاجر تنظیموں نے بھی اس سلسلہ میں اقدامات شروع کر دئیے ہیں اور جس قدر ممکن ہو سکا ہم متاثرین کی مدد کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ متاثرین کی بحالی اور انفرا سٹر اکچر کیلئے اربوں روپے درکار ہیں اس لئے حکومت کو تجویز ہے کہ وسائل رکھنے والے ممالک اور ڈونر ایجنسیوں سے فوری رابطے بڑھائے جائیں تاکہ جس قدر جلدی ممکن ہو سکے اس عمل کو شروع کیا جائے تاکہ متاثرہ علاقوں میں معمولات زندگی بحال ہو سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں