فش فارم

ماہرین کی بنجر زمینوں میں درخت لگانے اور فش فارم بنانے کی ہدایت

فیصل آباد(عکس آن لائن)محکمہ ماہی پروری فیصل آباد کے ڈویڑنل ڈائریکٹر حفیظ اللہ چوہان نے کہا کہ فش فارم بنا کر بنجر زمینوں کو کارآمد بنایا جا سکتا ہے جبکہ درخت لگانے سے بھی بنجر زمینوں میں ذرخیزی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ مذکورہ اقدام کیلئے جہاں مقامی زرعی جامعات کے ماہرین زراعت، زرعی سائنسدان اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں وہیں ان کی سفارش پر محکمہ ماہی پروری نے بھی کاشتکاروں کیلئے بلامعاوضہ مشاورتی و تکنیکی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ فش فارمنگ سے نہ صرف انسانی خوراک میں لحمیات کی کمی کو پورا کیا جا سکتاہے بلکہ اس سے کاشتکاروں کی آمدنی میں بھی خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے۔ انہوں نے بتایاکہ کاشتکاروں کو فش فارمنگ کے جدید طریقوں سے روشناس کروانے کیلئے زرعی جامعہ اور محکمہ ماہی پروری کے اشتراک سے فیصل آباد ڈویڑن، ضلع، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر تربیتی سیمینارز کا انعقاد کرنے کیلئے حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے جس کے انتہائی مفید اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے بتایاکہ ناکارہ اور بنجر زمینوں میں درخت لگانے سے بھی ذرخیزی آ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان، کاشتکار، زمیندار زمین کی ساخت اور ماحول کے مطابق ماہرین زراعت کے مشورہ سے ایسے درختوں کا انتخاب کریں جو بیک وقت غذ ا، ایندھن، جنگلی حیات کے فروغ اور بنجر زمینوں کی ذرخیزی کیلئے مفید ثابت ہو سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں