اسلام آباد(عکس آن لائن)آزاد جموں و کشمیر کے صدر نے دانشوروں سے مقبوضہ کشمیرمیں لوگوں پر ہونے والے جبر کے خلاف آواز اٹھانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ماہرین علما اور دانشور انسانیت کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنی صلاحیتوں اور قلم کی طاقت کو بروئے کار لائیں بین الاقوامی ادبی اور ثقافتی تنظیم “اشارہ” کے زیر اہتمام “گونگی ہجرات” کے نام سے مشہور شاعر طاہر حنفی کے شعری مجموعے کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ دانشوروں ، شاعروں کی تخلیقی صلاحیتوں سے عوام کی تعلیمی ، ثقافتی اور سماجی امنگوں کو فروغ ملنا چاہئے۔ ان کی شاعری اور تصانیف سب کے لئے رہنمائی کا ذریعہ بنیں گے۔
سردار مسعود خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام عالمی برادری سے ان کے جائز حق خودارادیت کےلئے مدد کا مطالبہ کررہے ہیں ، مقبوضہ کشمیر کی عوام کو بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور بدترینمحاصرے کا سامنا ہے مقبوضہ کشمیر کی پوری وادی کوجیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے، بھارتی ریاست نے ان کی مذہبی اور سیاسی آزادی چھین رکھی ہے، میڈیا پر مکمل پابندی عائد ہے اور تقریر کی آزادی کو پامال کیا گیا ہے۔ لگ بھگ 13 ہزارنوجوان کشمیریوں کو اٹھا کر حراستی کیمپوں میں ڈال دیا گیا ہے ، اور انہیں ناقابل تصور تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
خواتین کے ساتھ عصمت دری کی جارہی ہے۔ جبکہ معصوم بچوں اور بوڑھوں کو بھی سفاک بھارتی فورسز کے ذریعہ نہیں بخشا جاتا، سردار مسعود خان نے کہا کہ 1950-60 کی دہائی میں متعدد مصنفین نے مقبوضہ وادی میں بھارتی ظلم و جبر کیخلاف افسانے اور مضمون لکھے،اب وقت آگیا ہے کہ مصنفین اور شاعر ایک بار پھر مقبوضہ وادی میں نسل کشی کے خاتمے کےلئے کردار ادا کریں ، آر ایس ایس ، بجرنگ دل کے ساتھ مل کر ہندوتوا کے نظریے پر عمل پیرا وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں ہندوستانی حکومت کے ذریعہ استعمال شدہ فاشسٹ ٹولوں کی انسانیت دشمنی ، اسلام دشمنی کو بے نقاب کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں ۔