قصور(عکس آن لائن)ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو موسم گرما کی سبزیوں کی صحت مند فصل حاصل کرنے کیلئے 8 سے 10دن کے وقفے سے آبپاشی اور ہفتہ میں2مرتبہ سبزیوں کی پیسٹ سکاﺅٹنگ کی ہدایت کی ہے، کیونکہ اسکے انتہائی مفید نتائج حاصل ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کریلے اور موسم گرما کی دیگر سبزیوں بشمول سبزمرچ’ گھیا توری’ گھیا کدو وغیرہ سے جڑی بوٹیوں کی فوری تلفی کی بھی ہدایت کی ہے اورکہا کہ ان سبزیوں کی بہترپیداوارکے حصول کے لئے گوڈی کے ذریعے جڑی بوٹیاں تلف کرنے کے اقدامات بھی ضروری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آخری گوڈی کے وقت پودوں کے ساتھ مٹی چڑھا دی جائے۔ انہوں نے کاشتکاروں کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی سفارش کی کہ وہ گھریلو پیمانے پر بھی کچن گارڈننگ پروگرام کے تحت زیادہ سے زیادہ سبزیاں اگانے کے لئے اقدامات کریں، تاکہ سبزیوں کی تازہ اور صحت مند پیداوار حاصل ہوسکے