کراچی(عکس آن لائن) اداکارہ ماہرہ خان کی ویب سیریز ”بارہواں کھلاڑی” کا ٹیزر جاری کردیا گیا۔ماہرہ خان نے حال ہی میں اداکاری کے ساتھ پروڈکشن کی دنیا میں بھی قدم رکھ دیا ہے اور اس ضمن میں انہوں نے کچھ روز قبل ہی اپنی پروڈکشن میں بننے والی پہلی ویب سیریز کا پوسٹر بھی جاری کیا تھا جسے شائقین کی جانب سے کافی پذیرائی ملی۔ماہرہ کی جانب سے پوسٹ کیے جانے کے بعد اْن کے مداحوں کو ویب سیریز کی جھلکیاں دیکھنے کا انتظار تھا تاہم اب یہ انتظار ختم ہو گیا ہے کیوں کہ ماہرہ خان نے ویب سیریز کا پہلا ٹیزر جاری کردیا ہے۔
ویب سیریز کی کہانی کرکٹ پر مبنی ہے۔ جاری کردہ ٹیزر میں علی ظفر کے بھائی دانیال ظفر اور یوٹیوبر شاہ ویر جعفری کی کرکٹ میں لڑائی دکھائی گئی ہے۔ ٹیزر میں کنزہ ہاشمی، میرا سیٹھی اور سرمد سلطان کھوسٹ سمیت بہت سے فنکار نظر آرہے ہیں۔واضح رہے کہ ماہرہ خان نے اپنی ویب سیریز سے متعلق کہا تھا کہ اس فلم کی کہانی دوستی، رشتہ، اتحاد، کامیابی، ناکامی، محبت اور حوصلہ افزائی پر مبنی ہے، در حقیقت ہم نے سخت محنت اور محبت بھری مشقت کا مرحلہ عبور کیا ہے، ہماری یہ کوشش آپ کے لیے ہے۔