لاہور(عکس آن لائن ) تاجر رہنما ،آئرن و سٹیل مارکیٹس لاہور کے صدرراجہ عدیل نے رواں مالی سال کے پہلے9ماہ جولائی سے مارچ 2021میں بیرونی قرضوں میں7ارب41کروڑ 30لاکھ ڈالر اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی بڑھتے ہوئے قرضے ملکی معیشت کیلئے نقصان دہ ہیں انہوںنے وفاقی وزیر خزانہ کی طرف سے آئی ایم ایف کی طرف سے بجلی مہنگی کرنے کے مطالبہ کو ناجائز قرار دیتے ہوئے آئی ایم ایف پروگرام پر نظرثانی کرنے کے عندیہ کو درست سمت قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ آئی ایم ایف جیسے اداروں کو خیر آباد کہہ دیا جائے کیونکہ بیرونی قرضوں کے عوض آئی ایم ایف و دیگر اداروں کی شرائط پر بجلی ،
گیس کی قیمتوں میں اضافہ سمیت روپے کی قدر میں کمی جیسے مطالبات اورڈونر زکی ہدایات پر ٹیکسوں میں اضافہ کرکے عوام پربوجھ ڈالا جارہا ہے ملک میں ہوشربا مہنگائی کی وجہ یہی بیرونی قرضے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے آئرن و سٹیل مارکیٹس کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔راجہ عدیل اشفاق نے کہا کہ فسکل ریسپانسیبلٹی اینڈ ڈیبٹ لمیٹیشن ایکٹ2005 کے مطابق پاکستان کا جی ڈی پی کے لحاظ سے قرضہ 60فیصد ہونا چاہیے لیکن پاکستان اس کی حد سے بہت آگے جاچکا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے غیر ترقیاتی اخراجات پر کنٹرول کرے اور وزیر مشیروں کی فوج ظفر موج کو کم کرے تاکہ ملک پر قرضوں کے بوجھ میں کمی ہوسکے۔