لاہور(عکس آن لائن)رواں مالی سال کے پہلے 8 مہینوں میں بینکوں کے ذریعے نجی شعبے کے قرض لینے میں 80 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جو ملک میں تیز اقتصادی سرگرمیوں کی عکاسی کرتا ہے۔اعدادوشمار کے مطابق نجی شعبے نے مالی سال 2021 کے جولائی سے 19 فروری کے دوران 352 ارب روپے قرض لیا۔ یہ مالی سال 20 میں اسی مدت کے دوران 195 ارب روپے کے قرض لینے سے 80.5 فیصد زیادہ ہے۔بینکرز کے مطابق نئے مالی سال کی پہلی سہ ماہی پر بڑے پیمانے پر کورونا وائرس کے منفی اثرات سامنے آئے تھے تاہم قرض لینے کا آغاز مالی سال 2021 کی دوسری سہ ماہی سے ہوا تھا۔
گزشتہ مالی سال وبائی بیماری سے بری طرح نقصان پہنچا تھا اور مالی سال 2020 کی آخری سہ ماہی میں نجی شعبے نے قرض لینا بند کردیا تھا۔یکم جولائی سے اب تک نجی شعبے کے قرضوں میں 19 فروری تک 157 ارب روپے یا 80.5 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔نجی شعبے کے قرضے پورے مالی سال 2020 کے دوران صرف 196 ارب 30 کروڑ روپے تھے۔کورونا وائرس کے اثرات نے نئے مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں اپنی گرفت برقرار رکھی تاہم کورونا وائرس کے کم کیسز نے پاکستان کو اپنی معاشی سرگرمیوں میں تیزی لانے کا اہل بنا دیا۔