اسٹیٹ بینک

مارچ میں مسلسل دسویں مہینے کارکنوں کی ترسیلات ِزر 2 ارب ڈالر سے زیادہ رہیں جو ایک ریکارڈ ہے، مرکزی بینک

کراچی( عکس آن لائن)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہاہے کہ مارچ میں مسلسل دسویں مہینے کارکنوں کی ترسیلات ِزر 2 ارب ڈالر سے زیادہ رہیں جو ایک ریکارڈ ہے۔مرکزی بینک کی جانب سے پیرکی صبح جاری اعلامیہ میں کہاگیاہے کہ مارچ 2021 میں ترسیلات ِزر بڑھ کر 2.7 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو گذشتہ مہینے سے 20 فیصد زیادہ اور مارچ 2020 سے 43 فیصد زیادہ ہیں۔ جولائی تا مارچ مالی سال 21 کے دوران مجموعی طور پر ترسیلات ِزر بڑھ کر 21.5 ارب ڈالر ہوگئی ہیں جو مالی سال 20 کی اسی مدت سے 26 فیصد زیادہ ہے۔

جولائی تا مارچ مالی سال 21 کے دوران ترسیلات ِزر زیادہ تر سعودی عرب (5.7ارب ڈالر)، متحدہ عرب امارات (4.5ارب ڈالر)، برطانیہ (2.9ارب ڈالر)اور امریکہ (1.9ارب ڈالر)سے آئیں۔ کارکنوں کی ترسیلات ِزر میں اس متواتر اضافے میں جو عوامل مدد گار رہے ہیں ان میں باضابطہ ذرائع سے رقوم کی آمد کی حوصلہ افزائی کی خاطر حکومت اور اسٹیٹ بینک کے فعال پالیسی اقدامات، کورونا کی وبا کے باعث سرحد پار سفر کا محدود ہونا، وبا کے دوران طبی اخراجات اور بہبودی رقوم کی پاکستان کو منتقلی اور بازار ِمبادلہ میں استحکام کی صورت ِحال شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں