لاہور (عکس آن لائن) وزیرِاطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے خبردار کیا ہے کہ لیگی رہنما بغلیں بجانے کے بجائے احتساب کے لیے تیار ہو جائیں،قرضوں سے متعلق تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ جلد سامنے آرہی ہے۔تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں وزیرِاطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کا دعویٰ ہے کہ جہاز والے کے جانے سے پی ٹی آئی کی حکومت گرجائے گی،
مگررانا ثنا اللہ ایک دفعہ پھر موٹی عقل والے ثابت ہوئے ہیں، کیونکہ اگر جہاز کی بنیاد پر حکومت بنتی تو شاہد خاقان عباسی کے پاس پوری ایئرلائن ہے،اس بنیاد پر نون لیگ کو دو کی بجائے تین تہائی اکثریت سے حکومت بنانی چاہیئے تھی۔وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ حکومتیں پارٹی لیڈر کے ویڑن، سوچ اور جدوجہد سے بنتی ہیں،تحریکِ انصاف کے مخالفین، تجزیہ نگار، اپنے اور پرائے یہ بات ذہن نشین کرلیں۔
اپنے بیان میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نون لیگ کے دو ہزار آٹھ سے دو ہزار اٹھارہ تک کے دور میں 30000 ارب کا قرضہ قوم پر مسلط کیا گیا،اس قرضے پر بنائے گئے تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ جلد سامنے آ رہی ہے، لیگی رہنما بغلیں بجانے کے بجائے احتساب کے لیے تیار ہو جائیں،رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد لیگی رہنما منہ چھپاتے پھریں گے۔