اسلام آباد (عکس آن لائن)الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے اثاثہ جات کی چھان بین کے کیس میں فیصلہ محفوظ کرلیا ۔سیاسی جماعتوں کے اثاثہ جات کی چھان بین معاملہ پر کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔شاہ خاور وکیل درخواست گزار عامر کیانی نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتیں مقررہ وقت کے اندر اثاثوں کی تفصیل جمع کرانے کی پابند ہیں لیکن ابھی تک تفصیلات جمع نہ ہونا قانون کی خلاف ورزی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ ایم کیو ایم پاکستان اور پاکستان مسلم لیگ کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں نے تفصیل جمع کرا دی ہے۔
وکیل جماعت اسلامی نے کہاکہ الیکش کمیشن سیاسی جماعتوں کی جانب سے جمع کرائے گئے اثاثوں میں پائی جانیوالی خامیوں کو جائزہ لے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ کیا جماعت اسلامی نے اپنی رپورٹ جمع کرادی ہے۔ وکیل جماعت اسلامی نے کہاکہ ہم نے اپنی رپورٹ جمع کرا دی ہے۔ وکیل مسلم لیگ (ن) نے کہاکہ ہم 2013 سے لیکر 2015 تک سکروٹنی کمیٹی میں جواب دے رہے ہیں۔ وکیل مسلم لیگ (ن) نے کہاکہ 2015 سے لیکر اب تک مسلم لیگ نون کے پارٹی اکاونٹس میں غیر ممنوعہ فنڈنگ کا عنصر نہیں پایا گیا۔ یاسی جماعتوں کے اثاثہ جات کی چھان بین کے کیس میں بنچ نے فیصلہ محفوظ کرکے سماعت ملتوی کردی۔