کراچی(عکس آن لائن)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئررہنمااور سابق گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ لیول پلیئنگ فلیڈ تب ہی ہوگی جب نواز شریف کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت ہوگی۔خصوصی گفتگوکرتے ہوئے سابق گورنر سندھ اور ن لیگ کے سینئررہنمامحمد زبیر نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ اور پلڑے اسی وقت برابر ہوں گے جب نواز شریف کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ علی زیدی اور عمران اسماعیل کے پارٹی چھوڑنے پر حیرت ہوئی ہے، امید نہیں تھی کہ دونوں رہنما اتنی جلدی ٹوٹ جائیں گے۔ دونوں کو چاہیے تھا کہ وہ جہانگیر ترین کو کراچی بلاتے۔محمد زبیر نے بتایا کہ کسی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے متعلق ابھی کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔ پہلے استحکام پاکستان پارٹی کے منشور کو دیکھنا ہوگا اور یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ یہ پارٹی چلتی کیسے ہے تاہم یقین ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی میں پی ٹی آئی کی طرح نفرت کا عنصر نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس میں شک نہیں تمام ارکان نے بلے کے نشان پر ووٹ حاصل کیا تھا، پی ٹی آئی جب سے ٹوٹنا شروع ہوئی ن لیگ کی جانب ایک شخص بھی نہیں آیا، ایسا نہیں کہ پاپولر پارٹی کی طرف کوئی نہیں آئے مگر ہم نے کسی کو لیا نہیں۔ منحرف ارکان کو ساتھ ملانے کا ناکام تجربہ ہم کرچکے ہیں گزشتہ سال منحرف ارکان کو ٹکٹ دیا تو ن لیگ کے امیدوار ناراض ہوگئے تھے۔